کاروار 4/ مئی (ایس او نیوز) ضلع اتر کنڑا کے ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن نے بتایا کہ ڈانڈیلی کالی ندی میں واٹر اسپورٹس پر روک نہیں لگائی گئی ہے اس سلسلے میں جھوٹی خبر پھیلائی جارہی ہے ۔ البتہ جو لوگ بھی واٹر اسپورٹس کا انتظام کرتے ہیں انہیں ضروری دستاویزات داخل کرکے اجازت نامہ حاصل کرنے کو کہا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے کچھ معاملات میں جن لوگوں پر ایف آئی آر داخل ہوچکے ہیں وہ لوگ کسی بھی قسم کے دستاویز کے بغیر واٹر اسپورٹس کی سرگرمیوں کو ہائی جیاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مگر ضلع انتظامیہ ہرگز اس کی اجازت نہیں دے گی ۔ سب کو قانون کے مطابق وہاں سرگرمیاں جاری رکھنا ہوگا ۔ قانون کی خلاف ورزی کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا ۔ واٹر اسپورٹس کے علاوہ 'ہوم اسٹے' کی سہولت پر بھی پوری طرح نگاہ رکھی جا رہی ہے ۔
ڈی سی نے بتایا جو لوگ قانونی اجازت کے بغیر 'شارٹ ریافٹنگ' چلا رہے تھے اسے روک دیا گیا ہے ۔ ان سے ضروری کاغذات جمع کرکے اجازت لینے کے لئے کہا گیا ہے مگر تا حال ان میں سے صرف چند افراد ہی اجازت لینے کے لئے آگے آئے ہیں ۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں ۔ جو لوگ سرکاری طور پر ٹینڈر حاصل کرکے شرائط و ضوابط پر عمل کر رہے ہیں ان پر کوئی روک نہیں لگی ہے ۔ ان کی سرگرمیاں برابر جاری ہیں ۔
ڈی سی نے بتایا کہ اتر اکھنڈ اور کورگ میں جس طرح منظم پیمانے پر واٹر اسپورٹس منعقد ہوتے ہیں بالکل اسی انداز میں کالی ندی میں بھی واٹر اسپورٹس کے لئے شرائط و ضوابط اور رہنما اصول تیار کیے گئے ہیں ۔ منتظمین کے لئے اسی طرز پر ریافٹنگ اور دیگر آبی کھیلوں کا انتظام کرنا لازمی ہوگا ۔
ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ سومن پینیکر نے بتایا کہ کالی ندی میں واٹر اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے چھوٹے موٹے حادثات ہوتے رہتے ہیں ۔ سال 2013 سے اب تک تقریباً ایسے 8 معاملے درج ہوچکے ہیں ۔ امسال 14 اپریل کو یہاں ریافٹنگ کے دوران کشتی ڈوبنے کا جو حادثہ پیش آیا تھا اس کا سبب یہ تھا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کو سونپا گیا تھا ۔ اس میں بچوں کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔ منتظمین نے انشورنس بھی نہیں کروایا تھا جو کہ ایک غیر قانونی حرکت ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کالی ندی میں ریافٹنگ سمیت دیگر واٹر اسپورٹس کو فروغ دینے کے مقصد سے 4 اور 5 مئی کو جوئیڈا کے آویڈا گرام پنچایت دفتر میں واٹر اسپورٹس کا انتظام کرنے والوں کے لئے 'سنگل وِنڈو' کے ذریعہ اجازت نامہ فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ واٹر اسپورٹس کی سہولت فراہم کرنے والے منتظمین کو وہاں پر ضروری کاغذات داخل کرکے اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ وہاں پر یہ کام پورا نہ ہونے کی صورت میں کاروار پہنچ کر یہ کارروائی مکمل کی جاسکتی ہے ۔